ہفتہ , 31 اکتوبر 2020
Home / خبریں / وزیر اعلی پنجاب کا چیچہ وطنی واقعے کا نوٹس، آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب

وزیر اعلی پنجاب کا چیچہ وطنی واقعے کا نوٹس، آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب

چیچہ وطنی (ساہیوال نیوز لائیو ڈاٹ کام – 3 اکتوبر 2020 – نمائندہ خصوصی) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے چیچہ وطنی میں قتل و غارت گری کا نوٹس لے لیا ہے، آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف کاروائی کا حکم جاری کر دیا ہے.

واضح رہے کہ شہر چیچہ وطنی میں آگ اور خون کا کھیل جاری ہے. ایک ہی دن مختلف واقعات میں نصف درجن افراد قتل ہوگئے ہیں، انتظامیہ غائب ہے اور سرکاری ہسپتال غیر محفوظ.

تفصیلات کے مطابق قتل و غارت کا پہلا واقعہ نواحی گاؤں چک 108 بارہ ایل میں پیش آیا جہاں معمولی تلخ کلامی پر پیدا ہونیوالا جھگڑا پانچ افراد کی جان لے گیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز چک 110 بارہ ایل کے تین سگے بھائی اپنی گاڑی میں چک نمبر108 بارہ ایل میں جارہے تھے کہ ثاقب جٹ جس کا گھر راستہ میں ہے اس پر گاڑی کی وجہ سے مٹی پڑ گئی جس پر دونوں گروپس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ۔

ذرائع کے مطابق آج تین سگے بھائی محمد اصغر ، بنٹو ، وسیم چھینا اوران کا کزن علی اسی رنجش پر ثاقب کے ڈیرے پر گئے اور اسکو مارتے ہوئے اس کے گھر کے سامنے لاکر فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا ۔ جس پر ثاقب کے بھائی کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور دوسگے بھائی محمد اصغر ، بنٹو موقع پرہی دم تو ڑ گئے جبکہ انکا تیسرا بھائی محمد وسیم چھینا ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔

ریسکیو ٹیم نے ثاقب جٹ کو طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال کے ایمر جنسی وارڈ میں شفٹ کیا۔ پولیس کی نااہلی لاپرواہی کی وجہ سے چک 110 بارہ ایل کے مقتولین کے دیگر ساتھیوں نے ایک بار پھر حملہ کرکے ثاقب کو ہسپتال کے ایمر جنسی وارڈ میں فائرنگ کرکے قتل کردیا جس کے بعد ہسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعہ کے بعد پولسی کی بھاری نفری بھی ہسپتال میں پہنچ گئی ۔ جاں بحق ہونیوالوں میں محمد اصغر، بنٹو، وسیم چھینا اور ثاقب جٹ شامل ہیں جبکہ علی نامی نوجوان کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال ریفر کردیا گیاہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

تھانہ صدر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو اپنی تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ کے اندراج کیلئے کسی پارٹی نے درخواست نہیں دی ۔

دوسرے واقعے میں سیاسی گھرانے کے حسن سردار کمبوہ کو قتل کر دیا گیا. جس کی ایف آئی آر میں پریس کلب کے معروف صحافی کے بیٹوں کو نامزد کیا گیا ہے. حالیہ واقعات کے بعد شہر میں امن و امان کی فضا مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے.

سماجی حلقوں میں چیچہ وطنی میں پھیلی قتل و غارت گری کی لہر پر شدید تشویش ہے. عوام نے سرکاری ہسپتال کی سکیورٹی کو محفوظ بنانے اور غفلت کے مرتکب سکیورٹی اہلکاروں کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے.

————————————————————————————————

ساہیوال، چیچہ وطنی و گردو نواح کی ویڈیوز کے لیے ہمارا چینل سبسکرائب کریں.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے