منگل , 27 اکتوبر 2020
Home / صحت / چیچہ وطنی : گورنر پنجاب کا واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

چیچہ وطنی : گورنر پنجاب کا واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

ساہیوال (ساہیوال نیوز لائیو – 4 اکتوبر 2020 – نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ آلودہ پانی بیماریوں کا سب سے بڑا سبب ہے جس سے ہیپا ٹائٹس جیسی خطر ناک بیماریاں لاحق ہو رہی ہیں، ضرورت اس امر کی ھے کہ صاف پانی ہر آدمی تک پہنچایا جائے، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے ایک جامع پروگرام پر عملدر آمد کیا جا رہا ہے تاکہ انسانی صحت کو لا حق خطرات کو کم کیا جا سکے –

انہوں نے یہ بات نواحی گاؤں 38 بارہ ایل میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے بعد ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی – انہوں نے کہا کہ دنیا بھرکے ممالک پانی کی شدید کمی کا شکار ہو رہے ہیں اور ہمیں بھی چاہیے کہ صاف پانی کے ضیاع کو روکیں اور اسے مستقبل کی ضروریات پورا کرنے کے لئے محفوظ کریں -انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دو سالہ دور حکومت میں ملکی معیشت کو درست سمت میں ڈالنے کی کوششیں کی گئیں اور آج ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل کر معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو ا ہے،بر آمدات بڑھی ہیں اور درآمدات میں واضح کمی ہوئی ہے –

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ دورس اصلاحات کے اس عمل میں حکومت کا ساتھ دیں تا کہ پاکستان معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے -بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور رائے علی نواز ہسپتال چیچہ وطنی بھی گئے اور ہسپتال کے بورڈ اجلاس کی صدارت کی -انہوں نے ہسپتال کی کارکردگی کو سراہا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو مزید طبی سہولیات خصوصا ادویات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے – انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں – اجلاس میں ہسپتال کے سالانہ بجٹ کی بھی منظوری دی گئی اور اسے چیچہ وطنی کے عوام کو صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی میں ایک سنگ میل قرار دیا –

گورنر پنجاب تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز خاں کی رہائش گاہ بھی گئے اور مختلف نمائندہ وفود سے ملاقات کی – انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاری شروع کر دیں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھیں – انہوں نے مقامی قائدین کو ہدایت کی کہ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے عوام کو آگاہ کریں جن پر مشکل معاشی حالات کے باوجود عمل کیا جا رھا ھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے