104

گورنر پنجاب کی چیچہ وطنی آمد، تقریبات میں شرکت

چیچہ وطنی (ساہیوال نیوز لائیو – 21 دسمبر 2020 – ارشد فاروق بٹ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے جس میں محبت اور رواداری کو فروغ دے کر مزید رنگ بھرے جا سکتے ہیں۔

مسیحی برادری نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے جسے ہر سطح پر سراہا جانا چاہیے، مسیحی برادری کے لئے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں او ر ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے –

انہوں نے یہ بات نواحی چک نمبر190 نو ایل میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز خان، ڈپٹی کمشنر بابر بشیر اور مسیحی برادری کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی –

انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور ان کو در پیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی –

گورنر نے عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کے لئے گاؤں میں ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کا اعلان کیا اور نواحی 4دیہات کے بچو ں میں چیکٹس بھی تقسیم کیں-

اس سے پہلے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے القلم ٹرسٹ غازی آباد کے تحت بنائے گئے سکول کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اور آخرت میں کامیابی انسانیت کی خدمت میں ھے مال دولت جمع کرنے میں نہیں۔

تاریخ میں کوئی ایسا شخص نہیں گزرا جس سے دولت اور جاہ و جلال کی وجہ سے عوام محبت کریں بلکہ ہمیشہ ان لوگوں کو یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے خدمت خلق کی –

تعلیم اور صحت دو ایسے شعبے میں جن میں مخیر حضرات بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکتے ہیں تا کہ صحیح معنوں میں ملک و قوم کی خدمت کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سرور فاؤنڈیشن سکول کی توسیع میں بھر پور مدد فراہم کرے گی اور سکول کے ساتھ ساتھ مرکز صحت اور بچیوں کے لئے دستکاری سکول بھی قائم کیا جائے گا جبکہ شہریوں کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی لگایا جائے گا –

انہو ں نے کہا کہ سرور فاؤنڈیشن نے2005میں رجانہ میں ہسپتال قائم کر کے اپنی خدمات کا آغاز کیا جس سے علاقہ بھر کے غریب افراد کو بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ رائے علی نواز ہسپتا ل کے ساتھ بھی سرور فاؤنڈیشن نے شراکت داری قائم کر کے چیچہ وطنی کے عوام کو بھی صحت کی سہولیات فراہم کیں –

انہوں نے بریگیڈئر شبیر کیانی مرحوم کی خدمات کو سراہا جنہوں نے غازی آباد میں القلم ٹرسٹ قائم کر کے علاقے کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کا بیڑا اٹھایا-

گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ سرور فاؤنڈیشن پاکستان کی سب سے بڑی غیر سیاسی تنظیم ہے جو صوبے بھر میں 20 لاکھ سے زائد افراد کو روزانہ پینے کا صاف پانی فراہم کر رہی ہے جس کا دائرہ کار مزید پھیلایا جا رہا ہے-

انہوں نے عوامی مطالبے پر ضلع ساہیوال کی حدود میں چیچہ وطنی بورا روڈ کو ڈبل کرانے کا بھی وعدہ کیا –

اپنا تبصرہ بھیجیں