ہفتہ , 31 اکتوبر 2020
Home / صحت / عالمی یوم بصارت کے حوالے سے آگہی واک و سیمینار

عالمی یوم بصارت کے حوالے سے آگہی واک و سیمینار

ساہیوال (ساہیوال نیوز لائیو – 16 اکتوبر 2020 – عقیل اشفاق) پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی نے کہا ہے کہ آنکھوں کی حفاظت زندگی کی حفاظت ہے جس پر سب سے زیادہ توجہ دی جانی چاہیے –

ہر شخص سال میں ایک بار آنکھوں کا معائنہ ضرور کروائے – آنکھوں کی بہت سے بیماریوں خصوصا سفید اور کالا موتیا کے اثرات بروقت معائنہ کرانے سے دور کئے جا سکتے ہیں –

وہ یہاں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں عالمی یوم بصارت کے حوالے سے آگہی واک کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے جس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالوحید، پروفیسر ڈاکٹر محمد خالد،ڈاکٹر محمد رضوان، ڈاکٹر اسرار ظفر، ڈاکٹر نثار احمد، پیرا میڈیکل سٹاف اور میڈیکل کالج کے فورتھ ایئر کے طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی –

واک ایم ایس آفس سے شروع ہو کر آنکھوں کے او پی ڈی وارڈ پر ختم ہوئی – پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی نے عوام سے کہا کہ وہ آنکھوں کی حفاظت پر مکمل توجہ دیں اور بصارت میں کسی قسم کی تبدیلی کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں تا کہ بر وقت علاج کرایا جا سکے –

ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ماہر امراض چشم ڈاکٹر احمد ذیشان جمیل نے کہا کہ شوگر اور بلڈ پریشر کے مریض آنکھوں کی بیماریوں سے متعلق خصوصی احتیاط کریں کیونکہ ایسے مریضوں کو آنکھوں کی بیماریاں جلد لاحق ہوتی ہیں –

انہوں نے کہا کہ پرہیز علاج سے بہتر ہے اس لئے ضروری ہے کہ شوگر اور بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھا جائے تا کہ دوسری بیماریوں کے ساتھ ساتھ آنکھوں کی بیماریوں سے بھی محفوظ رھا جا سکے –

واک کے اختتام پر خصوصی سیمینار منعقد ہوا جس میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے سابق پروفیسر اور معروف ماہر امراض چشم ڈاکٹر عمران صحاف نے ڈاکٹروں اور طلبا وطالبات کو آنکھوں کی متعدد بیماریوں، ان پر جدید تحقیق اوران کے علاج سے متعلق تفصیلی لیکچر دیا –

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے